URDU ADAB COLLECTIONS

کوئی ایسا جنتر منتر پڑھ جو کر دے بخت سکندر سا

کوئی ایسا جادو ٹونا کر





کوئی ایسا جادو ٹونا کر
مرے عشق میں وہ دیوانہ ہو
یوں الٹ پلٹ کر گردش کی۔
میں شمع، وہ پروانہ ہو_

زرا دیکھ کے چال ستاروں کی
کوئی زائچہ کھینچ قلندر سا
کوئی ایسا جنتر منتر پڑھ
جو کر دے بخت سکندر سا

کوئی چلہ ایسا کاٹ کہ پھر
کوئی اسکی کاٹ نہ کر پائے 
کوئی ایسا دے تعویز مجھے
وہ مجھ پر عاشق ہو جائے

کوئی فال نکال کرشمہ گر ۔
مری راہ میں پھول گلاب آئیں 
کوئی پانی پھوک کے دے ایسا
وہ پئے تو میرے خواب آئیں۔

کوئی ایسا کالا جادو کر 
جو جگمگ کر دے میرے دن
وہ کہے ناشاد جلدی آ 
اب جیا نہ جائے تیرے بن

کوئی ایسی رہ پہ ڈال مجھے
جس رہ سے وہ دلدار ملے۔ 
کوئی تسبیح دم درود بتا ۔
جسے پڑھوں تو میرا یار ملے

کوئی قابو کر بے قابو جن۔
کوئی سانپ نکال پٹاری سے 
کوئی دھاگہ کھینچ پراندے کا
کوئی منکا اکشا دھاری سے ۔

کوئی ایسا بول سکھا دے نا۔
وہ سمجھے خوش گفتار ہوں میں۔
کوئی ایسا عمل کرا مجھ سے ۔
وہ جانے ، جان نثار ہوں میں۔

کوئی ڈھونڈھ کے وہ کستوری لا۔
اسے لگے میں چاند کے جیسا ہوں ۔
جو مرضی میرے یار کی ہے۔
اسے لگے میں بالکل ویسا ہوں۔

کوئی ایسا اسم اعظم پڑھ۔
جو اشک بہا دے سجدوں میں۔
اور جیسے تیرا دعوی ہے 
محبوب ہو میرے قدموں میں ۔

پر عامل رک، اک بات کہوں۔
یہ قدموں والی بات ہے کیا ؟
محبوب تو ہے سر آنکھوں پر۔ 
مجھ پتھر کی اوقات ہے کیا۔

اور عامل سن یہ کام بدل۔
یہ کام بہت نقصان کا ہے۔
سب دھاگے اس کے ہاتھ میں ہیں
جو مالک کل جہان کا ہے



Post a Comment

0 Comments