URDU ADAB COLLECTIONS

نہ چھوڑا دل کو اے کافِر تیرے پیکان ایسے ہیں

نہ چھوڑا دل کو اے کافِر تیرے پیکان ایسے ہیں
خُدا کا گھر اُڑا لیجائیں یہ مہمان ایسے ہیں




نہ چھوڑا دل کو اے کافِر تیرے پیکان ایسے ہیں
خُدا کا گھر اُڑا لیجائیں یہ مہمان ایسے ہیں

کریگا بیوفائی مجھ سے تو سامان ایسے ہیں
تیری جانب سے مجھ کو وہم میری جان ایسے ہیں

فرشتہ کو پکڑ رکھیں ترے دربان ایسے ہیں
خدا سے بھی نہیں ڈرتے یہ بے ایمان ایسے ہیں

اگر تُو بھی نکالے گا نہ نکلیں گے نہ نکلیں گے
مرے ارمان اتنے ہیں مرے ارمان ایسے ہیں

رقیبوں کو محبت کا ہے دعوی اے تری قدرت
یقیں ہے تم کو لو وہ بھی خدا کی شان ایسے ہیں

شرارت فتنہ اک اک بات میں ہے اُن کی اے قاصد
وہ بھولے بھالے کم سِن ایسے ہیں نادان ایسے ہیں

یہ سرکے ساتھ جائینگے۔ یہ دم کے ساتھ جائینگے
ہمارے سر پہ آصفجاہ کے احسان ایسے ہیں

بنائیں اور باتیں آپ اُن سے کیا غرض مطلب
یہ چن لیتے ہیں مطلب کی ہمارے کان ایسے ہیں

وہ جلوہ دیکھتے ہی آ گیا غش مجھ کو دعوی تھا
خطا ہوتی نہیں ہر گز مرے اوسان ایسے ہیں

یقیں ہم کو دلاتے ہیں وہ یوں جھوٹی قسم کھا کر
نہ ٹوٹیں حشر تک یہ عہد یہ پیمان ایسے ہیں

رقیبوں کو بٹھا کر بزم میں کہتے ہیں وہ مجھ سے
جواب انکا نہیں دیکھو مرے مہمان ایسے ہیں

تمھارا ساتھ دینگے حشر میں یہ بھی یقین جانو
تمھارے جاں نثار وں میں بہت انسان ایسے ہیں

کہیں لٹوا دیا جو بن کہیں چروا دیا دل کو
بھرے جائیں نہ تجھ سے بھی ترے نقصان ایسے ہیں

تری تصویر بھی آئینہ بھی عاشق کی آنکھیں بھی
کسی میں دم نہیں محفل میں یہ حیران ایسے ہیں

بہارِ باغِ عالم ہم نے لوٹی داغ مدت تک
کوئی دن کی ہوا کھاتے ہیں اب سامان ایسے ہیں


داغ دہلوی



Post a Comment

0 Comments